سرفراز بگٹی اور علی مدد جتک کیخلاف احتجاجی دھرنا دیں گے، روزی خان کاکڑ کا 50 کروڑ روپے کی اسکیمات بھی واپس کرنے کا اعلان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پارٹی کے خلاف سازشیں کرنے والا 3کا ٹولہ کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا پیپلزپارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گی ،وزیراعلیٰ بلوچستان کی طرف سے اپنے حلقہ انتخاب کیلئے ملنے والے 50کروڑ روپے انہیں واپس کرنے کا اعلان کرتا ہوں تاکہ وہ یہ رقم بھی اپنے کسی ذاتی دوست کو دیدیں ۔یہ بات انہوں نے پیر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں مکران ڈؤیژن کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس سے صوبائی نائب صدر اعجاز بلوچ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام محی الدین رند،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ثناء اللہ جتک،صوبائی فنانس سیکرٹری ملک حمید کاکڑ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات قاسم خان اچکزئی، صوبائی ریکارڈ اینڈ ایونٹ سیکرٹری دور محمد ہزارہ،آفس سیکرٹری اختر بلوچ، ضلعی صدر گوادرافضل جان، جنرل سیکرٹری گوادر فضل محمود، صوبائی کونسل ممبر گوادر محمد بزنجو، ضلعی صدر یوتھ صادق خان، پنجگور ضلع کفیل فاروق بلوچ، مکران زون پی ایس ایف کے حسیب بلوچ صورابی مکران زون، پنجگور صوبائی ایگزیکٹیو ممبر شکیل بلوچ، ضلعی صدر انجنیئر فورم کامران بلوچ گوادر، سمیح اللہ تحصیل گوادر، پیپلز یوتھ صوبائی صدر عین الدین کاکڑ، پیپلز لیبر بیورو کے سینئر نائب صدر حاجی عزیز لانگو نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر مکران ڈویژن کے عہدیداروں نے صوبے میں پیپلزپارٹی اوراسکی ذیلی تنظیموں کو فعال و منظم بنانے کیلئے اپنی اپنی تجاویز دیں اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،صدر مملکت آصف علی زرداری ، مرکزی کابینہ اورقیادت،صوبائی صدر چنگیز جمالی ،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اورکہا کہ پارٹی مفادات کے خلاف کام کرنے والے ڈویژن صدر کو فوری طور پرعہدے سے ہٹاکر روف رند کو نیا ڈویژن صدر مقررکیا جائے ۔انہوں نے صوبائی تنظیم ،ڈؤیژن اور ضلعی تنظیموں میں دراڑیں ڈالنے والوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الیکشن2024ء میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے خلاف کام کرنے والے عہدیداروں کو جنہیں پارٹی کے صوبائی صدر اور جنرل سیکرٹری نے عہدوں سے ہٹایا ہے اس پر صوبائی قیادت کے تنظیمی عمل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت اور تنظیم کے خلاف تین رکنی سازشی ٹولہ جس میں علی مدد جتک ،اقبال شاہ اور سربلند جوگیزئی سازشوں میں مصروف ہیں ہم انہیں بتادینا چاہتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے اسے ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے خود ختم ہوگئے ہیں لیکن پیپلز پارٹی آج بھی عوام کے دلوں میں راج کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق صوبائی کابینہ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پیپلزپارٹی صوبے میں مکمل طور پر ختم ہوچکی تھی جب سے ہم نے اپنے عہدے سنبھالے صوبے میں دوبارہ پیپلز پارٹی کو فعال اور منظم کیا جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات اور عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی جو بعض عناصر کو ہضم نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پیپلز پارٹی کے جیالوں کو پی ایس ڈی پی میں فنڈز دینے کی بجائے اپنے ذاتی دوستوں کو نوازا ہے وزیراعلیٰ نے مجھے اپنے حلقہ انتخاب کیلئے50کروڑ روپے کی اسکیمات دیں تھیں جو آج میں انہیں واپس کرنے کا اعلان کرتا ہوںوہ یہ فنڈز بھی اپنے کسی دوست کو دے دیں کیونکہ وزیراعلیٰ نے پہلے بھی اپنے بہت سے دوستوں کو نوازا ہے میں نے پہلے بھی اپنے حلقہ انتخاب کے عوام کی بلا رنگ ونسل خدمت کی اورانشاء اللہ اب بھی کرتا ہوں گا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ڈویژن عہدیداران وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیر علی مدد جتک کے خلاف شکایات کے انبار لگارہے ہیں ڈویژن اور ضلعوں کیااجلاس کے بعد انشاء اللہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیرعلی مد د جتک کے خلاف احتجاجی دھرنا دیں گے۔