آئی ایم ایف پروگرام کے لوازمات، شرائط کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں،وزیراعظم


رائٹ سائزنگ، ڈاؤن سائزنگ میں تیزی لانا ہوگی،وزیراعظم شہبازشریف
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے لوازمات، شرائط کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں، امیدہےوقت پرآئی ایم ایف کی شرائط پوری ہوجائیں گی، بورڈ میں کیس جائے گا اور منظوری کے بعد نیا سفر شروع ہوگا۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ذہن میں رکھیں یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوناچاہیے، قوموں نے دن رات ایک کرکے اپنے حالات بدلے، یقین ہے اپنی منزل پر ضرور پہنچیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بتدریج بہتری آرہی ہے، اس بہتری کوتیزی سے آگے لیکر جاناہے، پاکستان میں کسی چیزکی کمی نہیں ہے، بڑی مشکلات میں بڑی قوموں نے وقت گزارا، سفر کٹھن اور مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، حکومتی کوششوں میں سنجیدگی اورعزم بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اسمگلنگ کا بھی خاتمہ کرناہے، محصولات میں کرپشن کاخاتمہ کرناہے، رائٹ سائزنگ،ڈاؤن سائزنگ میں تیزی لاناہوگی، اخراجات کم کرنے کی کوششیں تیز کرناہوں گی، سفربہت ہے،ہمیں تیزی سے آگے بڑھناہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اگست میں مہنگائی میں کمی کی شرح9.6فیصد پر آگئی، مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہورہا ہے، وزیرخزانہ، متعلقہ حکام کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔
دوسری جانب کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، ملک کی موجودہ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائے گا، کابینہ اجلاس میں ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی، پی ڈبلیو ڈی کی بندش کے معاملے پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔