مسجد الحرام میں نمازِ عشا کے دوران بارانِ رحمت کا نزول؛ ویڈیو وائرل
مکہ معظمہ(قدرت روزنامہ) شدید گرمی اور حبس کے بعد مسجد الحرام میں نماز عشا کے وقت اچانک موسم خوشگوار ہوگیا اور باران رحمت برسنے لگی۔
عرب میڈیا کے مطابق مسجد الحرام میں اُس وقت روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے جب خامہ کعبہ باران رحمت میں بھیگ گیا۔ غلاف کعبہ اجلا، شفاف اور مزید نکھر گیا۔
خانہ کعبہ کی چھت سے گرنے والے بارش کے پانی سے منظر اور خوبصورت ہوگیا۔ نمازیوں نے تیز طوفانی بارشوں میں نمازِ عشا ادا کی جب کہ آسمان پر بجلی چمکنے لگی۔
نمازیوں نے اطمینان کے ساتھ عبادت کی اور دعاؤں میں باران رحمت پر اپنے رب کے حضور شکرانہ پیش کیا۔
موسم بھی خوشگوار ہوگیا اور ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا۔
سعودی عرب کے دیگر شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ جدہ ائیرپورٹ میں فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔
متحدہ عرب امارات کے کچھ شہروں سمیت خلیجی ممالک میں بھی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔