نواز شریف کی پلیٹ لیٹس کم ہونے کی رپورٹ خفیہ ادارے تبدیل کرتے تھے، عمر ایوب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ نواز شریف کی پلیٹ لیٹس کم ہونے کی میڈیکل رپورٹس میں انٹیلی جنس ایجنسیاں ردوبدل کرتی تھیں اور غلط رپورٹس کابینہ کو پیش ہوتی تھیں، انہی رپورٹس کی وجہ سے نواز شریف ملک سے باہر گئے اور وہاں جاکر چلتے پھرتے رہے . لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا کہ رانا ثنااللہ نے بھی کہا تھا کہ نواز شریف نے این آر او لینے کے لیے جنرل باجوہ کے ساتھ مل کر وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائے اور ایک چلتی ہوئی معیشت کو تباہ و برباد کیا .

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے محمود اچکزئی کو سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کا اختیار دیا ہے، اس کے علاوہ ہم نے کسی کے منت ترلے نہیں کیے . انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے منت ترلے کیے ہیں تو وہ خواجہ آصف نے کیے ہیں، برگیڈیئر گھمن اس وقت ایم این اے ہیں، وہ پہلے سیالکوٹ کے علاقے کے سیکٹر کمانڈر بھی رہ چکے ہیں، خواجہ آصف ان کی منت ترلے کیا کرتے تھے اور روتے بھی تھے . ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم صرف خدا سے معافی کے طلبگار ہیں، 9 مئی سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لائیں ، دودھ کا دوھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، پی ٹی آئی کے تمام لوگ پرامن ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں جو لوگ ہیں ان کو سزائیں دیں . انہوں نے کہا کہ جیسے امریکا میں کیپیٹل ہل میں لوگ گئے تھے، ان کی سی سی ٹی وی فوٹیج آئی تو جو لوگ حملے میں ملوث تھے، انہیں سزائیں دی گئیں، اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں جو ہوا وہ ایف سی، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسی کے لوگوں نے کیا تھا، وہ سی سی ٹی وی فوٹیج لائیں تو سب سامنے آجائے گا . عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بدحالی کے ذمہ دار جنرل باجوہ اور سیاسی جماعتیں بشمول مسلم لیگ ن، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ہیں، انہوں نے مل کر ایک چلتی ہوئی معیشت کو تباہ و برباد کیا . . .

متعلقہ خبریں