کرینہ کپور کی نئی فلم ’بکنگھم مرڈرز‘ کا دلچسپ ٹریلر جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان کی نئی فلم ’بکنگھم مرڈرز‘ کا نیا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے اس فلم کو سنیما گھروں میں 13 ستمبر 2024 کو ریلیز کیا جائے گا۔
فلم کے ٹریلر میں دل دہلا دینے والا منظر دکھایا گیا ہے جس میں ایک ہندوستانی خاندان کا چھوٹا بچہ پارک میں قتل کر دیا جاتا ہے جس کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاج شروع ہو جاتا ہے۔
فلم میں کرینہ کپور خان، ایک جاسوس کا کردار ادا کر رہی ہیں جو جرم کے پیچھے محرکات کی چھان بین کرنے اور مجرم کی شناخت کرنے کے لیے نکلتی ہیں۔ ٹریلر کے شروع ہوتے ہی کرینہ کپور 14 نومبر ی شام کو متعدد مشتبہ افراد سے ان کا صحیح مقام ظاہر کرنے کو کہتی ہیں۔ وہ سب سے تحقیقات کرتی ہیں کہ اس خوفناک شام کو آخر ہوا کیا تھا۔
بچے کے قتل کی تحقیقات میں سب مشتبہ ہیں اور کمیونٹی میں کسی پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، قتل کے شبہ میں پولیس ایک مسلم نوجوان کو تحویل میں لے لیتی ہے جس سے پورے شہر میں تناؤ کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے اور دنگے فساد شروع ہو جاتے ہیں۔ جس سے کہانی مزید دلچسپ ہو جاتی ہے۔
فلم میں پولیس آفیسر کا کردار نبھاتی کرینہ کپور پر دباؤ ہوتا ہے کہ وہ ہر صورت قاتل کو گرفتار کریں اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا وہ سچائی تک پہنچ سکیں گی؟
فلم کے حوالے سے ایک دلچسپ ٹیزر اور پہلا گانا ’ساڈا پیار ٹٹ گیا‘ بھی ریلیز کیا جا چکا ہے، جس نے اس تھرلر فلم کے بارے میں دلچسپی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ فلم میں کرینہ کپور خان کے ایک منفرد روپ میں نظر آئیں گی جس نے شائقین کی توقعات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
‘بکنگھم مرڈرز’ ایکتا آر کپور اور کرینہ کپور خان کی ایک اور مشترکہ پیشکش ہے، جنہوں نے اس سے قبل ‘ویری دی ویڈنگ’ اور ‘کریو’ جیسی کامیاب فلموں میں بھی تعاون کیا ہے۔ دی بکنگھم مرڈرز میں ایش ٹنڈن، رنویر برار، اور کیتھ ایلن بھی ہیں۔ اسے اسیم اروڑہ، کشیپ کپور، اور راگھو راج کاکر نے لکھا ہے۔ کرینہ اس فلم سے بطور پروڈیوسر اپنا آغاز کر رہی ہیں، جسے شوبھا کپور، ایکتا کپور کے ساتھ بالاجی ٹیلی فلمز اور ٹی بی ایم فلمز کا بھی تعاون حاصل ہے۔