پاک فوج کے ہر شخص کی وفاداری ملک اور افواج کے ساتھ، کڑے احتسابی نظام سے کوئی بالاتر نہیں، کور کمانڈرز کانفرنس

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاک فوج نے کہا ہے کہ فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کے لیے لازم ہے اور کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہوسکتا . پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر کے مطابق) آرمی چیف جنرل سّید عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ فوج ایک منظم ادارہ ہے جس کے ہر فرد کی پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری صرف ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے .

فورم نے کہاکہ پاک فوج غیر متزلزل عزم سے ایک مضبوط اور کڑے احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے، جس میں کسی قسم کی جانبداری اور استثنیٰ کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی . فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی . فورم نے ملک بھر، خصوصاً بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سرگرم ملک دشمن قوتوں، منفی اور تخریبی عناصر اور ان کے پاکستان مخالف اندرونی اور بیرونی سہولت کاروں کی سر گرمیوں، اس کے تدارک کے لیے کیے جانے والے متعدد اقدامات پر بھی غور کیا . انسداد دہشتگردی کے لیے قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے‘ فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت سے انسداد دہشتگردی کے لیے قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی . ایک مضبوط اور مؤثر قانونی نظام کی اہمیت کو اُجاگرکرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج دہشتگردوں، انتشار پسندوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف ضروری اور قانونی کارروائی کرنے میں حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی . فورم نے دہشتگرد نیٹ ورکس کی ملی بھگت سے چلنے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کوششوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، اور سخت سائبر سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے قومی سائبر سپیس کے تحفظ پر زور دیا . فورم نے بھارت کے زیرِ قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے تحریک ِآزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا . اسرائیل کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت‘ اس کے علاوہ فورم نے اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری بربریت اور نسل کشی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی . فورم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد اور پیشہ ورانہ مہارت کے حصول میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کا اعادہ کیا . شرکا کانفرنس نے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی . فورم نے پاکستان کے امن و استحکام کے لیے شہدا افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت کیا . . .

متعلقہ خبریں