پاکستان میں جیون ساتھی کی تلاش میں سب سے زیادہ مدد اور مشورہ کس سے لیا جاتا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں ایک سروے رپورٹ میں دلچسپ انکشاف ہوا ہے کہ مرد و خواتین کی غالب اکثریت اپنے جیون ساتھی کی تلاش کے لیے اپنے خاندان ہی سے مدد لیتے ہیں۔ اس میں خواتین کا تناسب زیادہ ہے۔
گیلپ سروے آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اپنے جیون ساتھی کی تلاش میں پیشہ ور افراد سے مدد لینے میں خواتین کا تناسب زیادہ ہے ، جس میں 11 فیصد خواتین اور 4 فیصد مردوں نے جیون ساتھی تلاش کرنے کے لیے پیشہ ور افراد سے مدد طلب لینے کی بات کی ہے۔
28 جون سے 10 جولائی 2024 کے درمیان کیے گئے گیلپ سروے آف پاکستان نے بتایا ہے کہ پاکستان میں اپنے جیون ساتھی کی تلاش میں سب سے زیادہ مدد اور مشورہ اپنے خاندان کے افراد نے دیا۔
سروے کے مطابق بیوی یا شوہر کی تلاش میں سب سے زیادہ مشورہ کس نے دیا؟ تو اس کے جواب میں 58 فیصد پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ اپنے جیون ساتھی کی تلاش میں انہیں والدین اور بہن بھائیوں کی جانب سے سب سے زیادہ مشورے ملے جبکہ 26 فیصد نے کہا کہ وہ رشتہ داروں اور 16 فیصد نے کہا کہ انہوں نے اپنے دوستوں سے مشورہ لیا جب کہ 7 فیصد نے جیون ساتھی کی تلاش میں مدد کے لیے پیشہ ور افراد کی خدمات حاصل کرنے کی بات کی ۔
سروے کے مطابق پیشہ ور افراد سے مدد طلب کرنے والوں میں خواتین کا تناسب زیادہ تھا ،جس میں 11 فیصد خواتین اور 4 فیصد مردوں نے جیون ساتھی کی تلاش کرنے میں پیشہ ور افراد سے مدد حاصل کرنے کی بات کی۔
سروے میں بتایا گیا کہ شہری اور دیہی آبادی سے حاصل ہونے والے نتائج کے مطابق پاکستان میں خاندان کے افراد سے تعلق تجویز کرنے کا رجحان قومی سطح پر دیکھا گیا، جس میں 58 فیصد شہری آبادی اور 57 فیصد دیہی آبادی نے کہا کہ انہیں اپنے خاندان کے افراد سے ہی تعلقات جوڑنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
سروے کے دوران23 فیصد شہری آبادی اور 27 فیصد دیہی آبادی کا کہنا ہے کہ شادی کے لیے رشتہ داروں کی جانب سے مشورے دیے گئے ہیں جب کہ شہری آبادی میں دوستوں سے مدد لینے کا رجحان دیہی آبادی کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ تھا۔
اس کے لیے شہروں میں 18 فیصد اور دیہی علاقوں میں 14 فیصد افراد نے کہا کہ وہ جیون ساتھی کی تلاش کے لیے دوستوں سے مدد لیتے ہیں۔
سروے میں گیلپ پاکستان نے شہریوں سے یہ بھی پوچھا کہ کیا انہوں نے اخبارات میں شادی کے اشتہارات پڑھے ہیں، جواب میں 30 فیصد نے ہاں جبکہ 70 فیصد نے انکار کیا۔
سروے میں شہریوں سے مزید پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے موبائل فون پر دستیاب شادی کی ایپس اور آن لائن ویب سائٹس کے بارے میں سنا ہے تو جواب میں 25 فیصد نے کہا کہ وہ اس کے بارے میں جانتے ہیں جبکہ 75 فیصد موبائل ایپس اور آن لائن ویب سائٹس سے متعلق لاعلم ہیں۔