میری شادی میں والدین نے شرکت نہیں کی تھی، مدیحہ امام کا انکشاف


کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف اداکارہ مدیحہ امام نے اپنی شادی سے متعلق اہم انکشاف کردیا .
مدیحہ امام نے دو ماہ قبل پاکستانی میگزین کو خصوصی انٹرویو دیا تھا جس میں اُنہوں نے اپنے کریئر سمیت اپنے شوہر موجی بسر سے متعلق تفصیلی گفتگو کی تھی .


اداکارہ نے اپنی شادی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے شوہر کا تعلق بھارت کے اروناچل پردیش سے ہے لیکن ہماری شادی دبئی میں ہوئی تھی جس میں میرے والدین نے شرکت نہیں کی تھی .
اُنہوں نے کہا کہ جب میری شادی کی تاریخ طے ہوئی تو میرے والد ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے میری والدہ بھی میرے نکاح میں شرکت نہیں کرسکی تھیں اور پھر بہنوں کی موجودگی میں میرا نکاح ہوا جبکہ والدین بذریعہ ویڈیو کال نکاح میں شریک ہوئے .
مدیحہ امام نے اپنے ولیمے کے حوالے سے کہا کہ ہم نے والد کی مکمل صحتیابی تک ولیمہ ملتوی کردیا تھا اور نکاح کے 4 ماہ بعد دبئی میں ہی ولیمہ کیا .
اداکارہ نے شوہر اور اپنی عُمر کے فرق کے بارے میں کہا کہ میرے شوہر موجی بسر مجھ سے ساڑھے چار سال چھوٹے ہیں، عُمر کے فرق کی وجہ سے ہماری ذہنی سوچ کے درمیان بھی فرق ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ یہ فرق ختم ہوجائے گا .
اُنہوں نے کہا کہ جب موجی نے مجھے شادی کے لیے پرپوز کیا تھا تو اُس وقت میری عُمر 31 سال تھی، ہم دونوں ہی شادی کو لیکر بہت سنجیدہ تھے لہٰذا میں نے فوراََ ہاں کردی تھی .
واضح رہے کہ مدیحہ امام نے سال 2023 میں دبئی میں شادی کرکے سب کو حیران کر دیا تھا، اداکارہ کے شوہر کا تعلق بھارت سے ہے اور وہ بھی شوبز انڈسٹری کا ہی حصہ ہیں .
موجی بسر بھارتی فلم میکر اور پروڈیوسر ہیں جنہوں نے گریجویشن کے بعد 2017 میں اپنے بالی ووڈ کیریئر کی مقبول فلموں ‘دی سک’ اور ‘لُکا چُھپی’ میں بطور اسسٹنٹ پروڈیوسر کام کیا .

. .

متعلقہ خبریں