سپریم کورٹ کو تباہ کرنے کی کوشش کی تو احتجاجی تحریک شروع کردیں گے، عمران خان


راولپنڈی (قدرت روزنامہ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو تباہ کرنے کی کوشش کی تو ہم ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ادارہ سب کا ہے صرف آرمی چیف کا نہیں، پوری قوم کے لیے اہم ہے کہ ادارہ مضبوط ہو، جو کام دشمن نہیں کر سکا وہ یہ خود کر کے ادارے کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اداروں پر کرپٹ اور نااہل لوگ بٹھا دیے جائیں تو قوم تباہ ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش سے وائٹ واش ہوگئی اس سے بری اور شکست کیا ہوگی، ایسا کون سا ایٹم بم پھٹا کہ تین سال میں ہماری کرکٹ بنگلہ دیش سے نیچے چلی گئی اور تباہ ہوگئی؟ آپ نے سفارشی بٹھا دیے محسن نقوی کی کیا قابلیت ہے، بڑے صاحب نے اپنا چیئرمین پی سی بی رکھ لیا یہ کرپٹ اور فراڈیا ہے، اس نے الیکشن و گندم فراڈ کیا، اسے وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی بڑے صاحب نے اپوائنٹ کیا، اس نے کرکٹ کا بیڑا غرق کر دیا، رمیز راجہ میرا رشتہ دار نہیں تھا ایک پروفیشنل کرکٹر تھا جسے میں نے چیئرمین پی سی بی بنایا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے اڑھائی ماہ سے نیب ترامیم اپیل کا فیصلہ محفوظ کررکھا ہے، انتظار کیا جا رہا ہے کہ مجھے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا ہو تو وہ نیب ترامیم کا فیصلہ سنائیں، نیب ترامیم کیخلاف اپیل کے باعث شہباز شریف کے چار، نواز شریف کے پانچ، زرداری اور اس کے فرنٹ مینوں کے 9 ریفرنس فریز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے القادر یونیورسٹی کا بڑا ڈونیشن بند کردیا تاکہ یونیورسٹی بند ہوجائے اگر القادر یونیورسٹی بند ہوگئی تو میرا کوئی نقصان نہیں ہوگا، شوکت خانم اسپتال بند ہو گیا تو مریضوں کو 10 گنا زائد خرچ کر کے علاج کرانا پڑے گا۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، صرف تین ملاقاتوں کے سوا سیل میں ہی رہتا ہوں، میرا سیل تندور بن جاتا ہے کبھی نہیں کہا کہ مشکلات ہیں، بچوں سے بات نہیں کرائی جاتی، صرف اس کی شکایت کی اسی کی مجھے تکلیف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ سپریم کورٹ پر حملہ کر رہے ہیں، صرف سپریم کورٹ ہی ایک شناخت بچی ہے اب یہ اسے تباہ کرنے جارہے ہیں، انہوں نے سپریم کورٹ کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہم ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔