پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی کیوں ہوا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے مشترکہ اجلاس طلب کیا تھا، جو کہ کل (بروز جمعرات ہونا تھا، تاہم اب یہ اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اگلے ہفتے تک موخر کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وزیر پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ کی ملاقات ہوئی، جس میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جمعرات کو بلانے کا فیصلہ مؤخر کرنے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس فیصلے سے ایوان صدر کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔
اجلاس میں متعدد بلز قانون سازی کے لیے پیش ہونے تھے، یہ بلز سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور نہیں ہوسکے تھے۔
مشترکہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیے جانے والے بعض بلز کو حتمی شکل نہ دیے جانے پر مشترکہ اجلاس کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے، اب مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتے بلایا جائے گا۔