یوٹیلٹی اسٹورز پر 800 سے زائد اشیا کی قیمتوں میں کمی کا اعلان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)یوٹیلٹی اسٹورز پر 800 سے زائد اشیا کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا۔ ملک بھر کے صارفین کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے 800 سے زائد اشیا کی قیمتوں میں 10 فی صد کمی کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں 48 مختلف برانڈز کی تمام ورائٹی کی دستیاب پروڈکٹس کی قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی ، کوکنگ آئل، چائے، سرف،نوڈلز، کیچ اپ، ٹیٹراپیک دودھ، خشک دودھ، مسالے، اچار، صابن، ٹوتھ پیسٹ اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں 8 روپے سے 60 روپے تک کی بڑی کمی کی گئی ہے۔
قیمتوں میں کمی کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر نئے نرخوں کو فوری طور پر نافذ العمل کردیا گیا ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سبسڈی فی الحال بند ہے جو بہت جلد نئے طریقہ کار کے تحت بحال ہو جائے گی۔ تمام صارفین بلا کسی دقت، دشواری اور شرائط کے یوٹیلیٹی اسٹورز سے خریداری کر سکتے ہیں ۔ دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی لانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔