اسلام آباد کے 80 فیصد خاندان بی آئی ایس پی اور 20 فیصد مستحقین میں شامل ہونیکا انکشاف


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت کے 80 فی صد خاندان بی آئی ایس پی اور 20 فی صد مستحقین میں شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
وزارت صنعت کے وزیراعظم مفت آٹا اسکیم سے متعلق اعداد شمار میں ایک نیا پنڈوراباکس کھل گیا، جس کے مطابق شہر اقتدار (اسلام آباد) کے 80 فی صد خاندان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے رجسٹرڈ جب کہ 20فی صد نادرا کی مستحق خاندانوں کی فہرست میں شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
مردم شماری میں اسلام آباد کے4لاکھ 11ہزار رجسٹرڈ خاندانوں کے برعکس 5لاکھ88ہزار کو مفت آٹا دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزارت صنعت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ سال وزیر اعظم مفت آٹا اسکیم کے تحت اسلام آباد کے مستحق خاندانوں کو ایک ارب 36کروڑ کامفت آٹا دیا گیا۔
اسلام آباد کے بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ 3لاکھ30ہزار خاندانوں کو مفت آٹا دیا گیا جب کہ نادراسے تصدیق پر 2لاکھ 58ہزار اضافی مستحق خاندان بھی مفت آٹا لینے میں شامل ہیں۔
وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق اسلام آباد میں بی آئی ایس پی رجسٹرڈ خاندانوں کو 3 اور نادرا سے تصدیق شدہ مستحق خاندانوں کو ایک آٹے کا تھیلا ملا۔