ملک انقلاب کی جانب بڑھ رہا ہے، قوم 8 ستمبر کو اپنی آزادی کے لیے باہر نکلے، عمران خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ 8 فروری کے خاموش انقلاب کے بعد انہیں جاگ جانا چاہیے، ملک انقلاب کی جانب بڑھ رہا ہے، 8 ستمبر کو قوم اپنی آزادی کے لیے باہر نکلے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ طاقتوروں کے سامنے کھڑا ہونے پر مجھے سبق سکھایا جارہا ہے، لیکن میں کسی صورت غلامی قبول نہیں کروں گا، ساری زندگی جیل میں رہنے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں آرہی، جبکہ حکومت قرضوں پر قرضے لے رہی ہے، حکمرانوں کے پیسے ڈالروں میں باہر پڑے ہوئے ہیں، دبئی میں پاکستانیوں کی ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ 4 امپائروں کو ساتھ ملا کر ملک کا بیڑا غرق کیا گیا۔
عمران خان نے کہاکہ پاکستان ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے، ہر مسئلہ ڈنڈے سے حل نہیں ہوتا، مذاکرات کرنے چاہییں، لیکن ان کے پاس عقل ہی نہیں، احمقانہ فیصلے کیے جارہے ہیں۔
جیل ٹرائل کور کرنے والے صحافی جہاد کررہے ہیں‘
انہوں نے کہاکہ پاکستان کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا گیا ہے، جو صحافی جیل ٹرائل کور کررہے ہیں وہ جہاد کررہے ہیں۔
عمران خان نے کہاکہ بلوچستان میں بہت بڑا کرائسز ہے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت نہ ہوتی یہاں بھی مسائل ہوتے، بلوچستان میں حقیقی نمائندوں کو آگے نہیں آنے دیا جاتا۔
انہوں نے کہاکہ اختر مینگل صحیح کہہ رہے ہیں کہ بلوچستان میں صورتحال خطر ناک حد تک پہنچ چکی ہے، اور حالات ہاتھ سے نکلتے جارہے ہیں۔
عمران خان نے کہاکہ اگر انجینیئرڈ الیکشن کے ذریعے لوگوں کا انتخاب ہوگا تو صورت حال خراب ہی ہوگی، پورے پاکستان میں بلدیاتی الیکشن کرانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت آئی تو ملک میں سب سے پہلے بلدیاتی انتخابات کرائیں گے، کیونکہ لوکل باڈیز الیکشن نہ ہونے سے اختیارات کا غلط استعمال ہورہا ہے۔
بتایا جائے بی ایل اے کو کون لایا؟
عمران خان نے کہاکہ ہمیں کہتے ہیں کہ ٹی ٹی پی ہماری وجہ سے آئی، بتایا جائے بی ایل اے کو کون لایا۔
عمران خان نے کہاکہ ملک سے دہشتگردی کو ختم کرنے کے 3 طریقے ہیں، جن میں سے ایک ڈائیلاگ ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ ملٹری آپریشن اور انٹیلیجنس آپریشنز کے ذریعے دہشتگردی پر قابو پایا جاسکتا ہے، لیکن پاکستان میں خفیہ ایجنسیوں کو پی ٹی آئی کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔
’کوئی محسن نقوی کا نام ہی نہیں لے رہا‘
انہوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں اتنا بڑا ڈیزاسٹر ہوا، بنگلہ دیش سے ہار کے بعد پوری دنیا میں ہمارا مذاق بن گیا لیکن کوئی محسن نقوی کا نام نہیں لے رہا۔
عمران خان نے کہاکہ محسن نقوی کی قابلیت یہ ہے کہ وہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا چہیتا ہے۔