’وکٹ کے دونوں جانب مت کھیلیں‘ مریم نواز کی تعریف کرنا فواد چوہدری کو مہنگا پڑ گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آج اسکول نیوٹریشن پروگرام کا باضابطہ افتتاح کردیا ہے، اسکول نیوٹریشن پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواہش ہے پنجاب کےتمام اسکولوں میں بچوں کومکمل کھانا فراہم کریں اور ان کو وہ تمام سہولیات دی جائیں جوپرائیویٹ اسکولوں میں بچوں کو حاصل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے نیوٹریشن پروگرام شروع کرنے کے اقدام کو تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر فواد چوہدری نے سراہا، انہوں نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسکول نیوٹریشن پروگرام شروع کرنے پر پنجاب حکومت کی تعریف کرنی چاہیے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ عثمان بزدار کو ہمیشہ اسکولوں میں کھانا فراہم کرنے کا مشورہ دیتے تھے کیونکہ حکومت کے اس ایک اقدام سے اسکولوں میں داخلے کے نمبر بدل سکتے ہیں اور دوسری طرف غذائی قلت کا مسئلہ بھی حل ہو سکتا ہے۔
سابق صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ آپ کرپشن کو کیسے روکیں گے اور اس بات کو کیسے یقینی بنایا جائے کہ دودھ طلباء تک پہنچے اسے کوئی اور استعمال نہ کرے ۔
فواد چوہدری کی ٹوئٹ پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل دیا گیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ آپ ن لیگ کے حق میں پوسٹ کر رہے ہیں اور دوسری طرف کہہ رہے ہیں آپ تحریک انصاف کے کارکن ہیں یہ سب ڈرامہ ہے۔ صارف نے فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ براہ کرم وکٹ کے دونوں طرف مت کھیلیں۔
ایک صارف نے فواد چوہدری کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ملک کے لیے اچھا کر رہا ہے تو اس کی تعریف کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
عرفان نامی صارف لکھتے ہیں کہ مریم نواز چوری کے مینڈیٹ پر وزیراعلیٰ بنی ہیں یہ بھی لکھیں۔