یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن سے ملازمین کو نکالنے کا عمل شروع، سیکڑوں فارغ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے اضافی اخراجات کم کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں، اور پہلے مرحلے میں سیکڑوں ملازمین کو فارغ کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے سیکڑوں سیکیورٹی گارڈز کو نوکریوں سے نکال دیا ہے، کارپوریشن کی جانب سے سیکیورٹی کمپنی کے ساتھ گارڈز کی خدمات کا معاہدہ ختم کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب یوٹیلٹی اسٹورز نے سوئپرز، لوڈرز، پیکنگ لیبرز کو بھی نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ اب ان افراد کا کام ڈیلی ویجرز سے لیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کارپوریشن کے مستقل، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجر ملازمین کو تحفظ دیا جائے گا۔
اب تک کارپوریشن کی جانب سے 500 سے زیادہ سیکیورٹی گارڈز کی خدمات کمپنی کو واپس کی گئی ہیں، جس سے کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے خلاف ملازمین نے اسلام آباد میں دھرنا دیا تھا، تاہم حکومت نے ملازمین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اسٹورز کو ختم نہیں کیا جائے گا۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی بنیاد 1971 میں رکھی گئی، یہ ایک سرکاری ادارہ ہے، جس کے تحت ملک بھر میں 4 ہزار اسٹورز کے ذریعے عوام کو بازار سے سستی اشیائے ضروریہ فراہم کی جاتی ہیں۔