نعمان اعجاز نے شان شاہد کا کیریئر کیسے بچایا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شان شاہد پاکستان کے مشہور فلمی اداکار اور ہدایت کار ہیں۔ ان کی مشہور فلموں میں بلندی، گھونگھٹ اور خدا کے لیے ہیں، انہوں نے فلموں کا آغاز بچپن میں چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے چند چھوٹے چھوٹے کردار کرکے کیا، لیکن بلندی کو ان کی پہلی بڑی فلم سمجھا جاتا ہے جس میں انہوں نے اداکارہ ریما کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا۔
شان شاہد کی وجہ شہرت سلطان راہی کے انداز کی مار دھاڑ والی پنجابی فلمیں بھی ہیں، وہ ماضی کی مشہور ادکارہ اور بیشمار فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والی نیلو کے بیٹے ہیں۔
اداکار کو ان کے ٹیلنٹ اور پیشہ ورانہ مہارت کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے، وہ پچھلے کچھ سالوں سے مخصوص کام ہی کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ شائقین ہمیشہ ان کے سلور اسکرین پر آنے کا انتظار کرتے ہیں۔
دوسری جانب نعمان اعجاز اس وقت ڈرامہ انڈسٹری کا سب سے بڑا نام ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو ملک کے تمام اداکار سراہتے ہیں،انہوں نے اپنے لیے ایک ایسی جگہ بنا لی ہے جہاں ان کی استعداد سب سے اوپر ہے اور ان کے تمام پروجیکٹس بہترین ہوتے ہیں۔
اداکار سید نور نے صحافی عنبرین فاطمہ کے پوڈ کاسٹ میں بتایا کہ کس طرح نعمان اعجاز کا ایک فیصلہ شان شاہد کی فلموں میں کامیاب واپسی کا باعث بنا۔
سید نور نے بتایا ’شان شاہد کی فلمیں فلاپ ہورہی تھیں، جس کے باعث وہ امریکا چلے گئے تھے۔‘
سیدنور نے بتایا کہ نعمان اعجاز ان کے ساتھ فلم گھونگھٹ کررہے تھے، کچھ وجوہات کی بنا پر نعمان اعجاز نے فلم سے دستبرداری اختیار کرلی اور شان شاہد کو اس کردار کی پیشکش ہوئی جو شان شاہد نے قبول کرلی، یہ فلم بلاک بسٹر بن گئی اور اسی فلم سے شان شاہد کی فلموں میں واپسی کی راہ ہموار ہوئی تھی۔