ملک کو بحران سے نکالنے کا جامع پلان تیار کر لیا ہے، عمران خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کے لیے جامع پلان تیار کرلیا ہے۔
جمعرات کو اڈیالہ جیل میں سیاسی رہنماؤں نے عمران خان سے ملاقات کی، بانی پی ٹی آئی سے آج ملاقات کرنے والوں میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم اور عالیہ حمزہ شامل تھے۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کرنے والے ایک رہنما نے وی نیوز کو بتایا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی گفتگو میں آج جارحانہ مزاج کے بجائے ٹھہراؤ اور مسکراہٹ موجود تھی۔ ماضی کے برعکس ملاقات کرنے والے ہال میں شیشے کی دیوار کو ہٹا دیا گیا ہے۔
‎40 منٹ کی اس ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے معیشت، ملکی سیاسی صورتحال اور خیبر پختونخوا کی حکومت سے متعلق گفتگو کی۔
ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے کہاکہ میں اپنی ماں کی وجہ سے پڑھتا تھا، کرکٹر بننے کے بعد مطالعے کے لیے وقت نہیں ملتا تھا اور سیاست میں آنے کے بعد تو بالکل بھی وقت نہیں ملا، اب جیل میں میرے پاس اتنا وقت ہے کہ میں مطالعہ ہی کررہا ہوں۔
اب میری گورننس سے متعلق سوچ واضح ہوچکی ہے‘
عمران خان نے کہا کہ جیل میں مطالعہ کے لیے اتنا وقت تھا کہ اب میری گورننس سے متعلق سوچ واضح ہوچکی ہے، موجودہ ڈھانچہ ملکی مسائل حل ہی نہیں کرسکتا، میں اب بڑا واضح ہوچکا ہوں، اتنا مطالعہ کر لیا ہے کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے جامع پلان تیار کر لیا ہے۔
عمران خان نے اپنی گفتگو میں ایس آئی ایف سی اور آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکج سے متعلق مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم سے بریفنگ لی اور کہاکہ ایس آئی ایف سی کا ماڈل کامیاب ہوتا تو میانمار سب سے زیادہ ترقی کرچکا ہوتا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو آج ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ عمران خان کو جب بتایا گیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ فوج پوری ملک کی ہے اور وہ کسی سیاسی جماعت کی مخالف یا طرفدار نہیں تو اس پر بانی پی ٹی آئی نے قہقہہ لگایا۔
عمران خان نے سینیٹر شبلی فراز کو اہم ٹاسک دے دیا‘
عمران خان نے سینیٹر شبلی فراز کو خیبر پختونخوا میں گروپنگ ختم کرنے کے لیے تمام رہنماؤں سے ملاقات کرنے اور اعتماد میں لینے کی ہدایات جاری کیں۔
عالیہ حمزہ جیل سے رہائی کے بعد عمران خان سے پہلی مرتبہ ملاقات کرنے پہنچیں تو بانی پی ٹی آئی نے عالیہ حمزہ کو کہاکہ آپ کی قربانی مثالی ہے اور تمام خواتین کے لیے آپ مشعل راہ ثابت ہوئی ہیں۔ عالیہ حمزہ ملاقات کے دوران جذباتی ہوئیں تو عمران خان نے سر پر ہاتھ رکھ کر کہاکہ آپ کی قربانی لازوال ہے، خواتین کی قربانیوں کی وجہ سے ہم نے سب کو شکست دی اور 8 فروری کو سب سے زیادہ ووٹ ہمیں خواتین نے دیے۔