بلوچستان

کالعدم تنظیموں کی موجودگی کے بار بار شواہد فراہم کیے ہیں، افغانستان کارروائی کریں ،ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا کشمیر کے حوالے سے بیان یکطرفہ ہے، کشمیر کی حق خودارادیت کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق ہوگا، افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی کے بار بار شواہد فراہم کیے ہیں، افغان عبوری حکومت ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف موثر کارروائی کرے اور یقینی بنائے کہ دہشت گرد گروپس مستقبل میں افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال نہ کریں، بیرونی ممالکسیاسی پناہ لینے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ جاری کرنے کے حوالے سے وزارت خارجہ کی پالیسی واضح ہے، پاسپورٹ جاری نہ کرنے پر وزارت داخلہ سے رائے لی جائے،مغربی کنارے میں اسرائیلی حملے اقوام متحدہ چارٹر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں،سلامتی کونسل اسرائیلی پرتشدد کارروائیوں کو رو کے۔ ان خیالات کااظہار ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ اسحق ڈار اس وقت برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں، انھوں نے لندن میں کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی، وہ برطانیہ کے ڈپٹی وزیر اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اسحق ڈار نے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر موضوعات پر بھی گفتگو کی، سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کشمیر پر او آئی سی گروپ کو بریف کیا۔ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان مغربی میں مہاجرین پناہ گزینوں کے کیپمس پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، اسرائیلی حملے اقوام متحدہ چارٹر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیلی پرتشدد کارروائیوں کو روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ 12 ستمبر کو ایس سی او ممبران کے حوالے سے اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ ایس سی او اجلاس کے حوالے سے دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایس سی او اجلاس کے لئے تمام اسٹیٹس حکام کو دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں، ابھی صورتحال نہیں کہ مہمانوں کی تفصیلات شئیر کی جا سکیں، بہت جلد مہمانوں کی تفصیلات شئیر کی جائیں گی۔ گزشتہ ہفتے سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد نے کیمرون میں وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ان کا کہنا تھا کہ کیمرون میں ہونے والے او آئی سی اجلاس میں اسلاموفوبیا فلسطین اور جموں کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے کشمیر سے متعلق بیان کو یک طرفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی حق خودارادیت کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، اس حوالے سے ایک تفصیلی اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سے بنگلہ دیش کے ساتھ مثبت اور مضبوط تعلقات کی خواہش کی ہے، ہمیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے حکومتی تعاون سے ان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، پاکستان اور بنگلہ دیش کے مضبوط تعلقات دونوں ممالک کی عوام کے لیے مفید ہیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ جونا گڑھ کیس ایک تاریخی کیس ہے جو پاک بھارت الحاق کے حوالے سے بہت اہمیت رکھتا ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ اسحق ڈار نے بیرونی ممالک میں سیاسی پناہ لینے والے پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کی پالیسی معطل کی تھی۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بیرونی ممالک میں سیاسی پناہ لینے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ جاری کرنے کے حوالے سے وزارت خارجہ کی پالیسی واضح ہے، انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ جاری نہ کرنے پر وزارت داخلہ سے رائے لی جائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی کےبار بار شواہد فراہم کیے ہیں۔ افغان عبوری حکومت ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف موثر کارروائی کرے اور یقینی بنائے کہ دہشت گرد گروپسمستقبل میں افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال نہ کریں۔

متعلقہ خبریں