رینجرز اہل کار کو قتل کرنے والا لیاری گینگ وار کا اہم کمانڈر گرفتار


کراچی(قدرت روزنامہ) کلری پولیس نے رینجرز اہل کار کو شہید کرنے والے لیاری گینگ وار کے ایک اہم کمانڈر کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق گرفتار ملزم ماجد عرف لنگڑا لیاری گینگ وار عبد الجبار عرف جینگو گروپ کا اہم کمانڈر ہے ۔ گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔
گرفتار ملزم رینجرز اہلکار کے قتل میں ملوث رہا ہے۔ اس نے اور اس کے دیگر ساتھیوں نے 13 مارچ 2018ء کو بغدادی تھانے کی حدود میں فواد حسین نامی رینجرز اہلکار کو فائرنگ کر کے شہید کیا تھا ۔ اسی دوران ملزم کے 3 ساتھی ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا تھا ۔
ملزم قتل ، اقدام قتل ، پولیس مقابلے ، دھماکا خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ کی سپلائی میں ملوث رہا ہے، جس کا مقدمہ الزام نمبر 68/2018 بجرم دفعہ 302/353/324/34 اور R/W 7ATA تھانہ بغدادی میں درج ہے۔
ملزم اس سے قبل مختلف تھانوں کی پولیس کے ہاتھوں 10 سے زائد مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے ۔