بلوچستان میں کانگو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، تعداد 27 ہوگئی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان میں کانگو کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔ کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن کے رہائشی تیس سالہ روح اللہ میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔بلوچستان کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ متاثرہ مریض کو آئیسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا تاکہ یہ وائرس دوسروں تک نہ پھیلے۔روح اللہ کو فاطمہ جناح اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بلوچستان میں رواں برس کانگو وائرس کے کیسز کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔ رواں سال کانگو وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کانگو وائرس کے حوالے سے عوام کو حقائق سے آگاہ بھی کیا جارہا ہے تاکہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔محکمہ صحت اس وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اقدامات بھی کر رہا ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں متعلقہ وارڈز کو بھی تیاری کی حالت میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایڈوائزری بھی جاری کردی گئی ہے اور ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ پیرا میڈکس کو بھی مطلع کیا جاچکا ہے۔