حکومتی اقدامات کی بدولت روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے، بلال اظہر کیانی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ملک میں سری لنکا جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے تھے، تیمور جھگڑا، شوکت عزیز کی آڈیو میں ساری بات واضح ہو چکی تھی . تاہم ن لیگ حکومت کے اہم معاشی اقدامات کی بدولت روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے، آج مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آ چکی ہے، پنجاب میں روٹی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے .


ہفتہ کے روز پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں، نہ لیگ ہمیشہ معاشی استحکام اور ترقی کا سبب بنی ہے، ہم نے جب حکومت سنبھالی تو وہ پھولوں کا تاج نہیں تھی .
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ ملک کی سلامتی کے لیے پاک فوج کے جوان قربانیاں دے رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے ایک ٹولہ انہیں بدنام کیے جا رہا ہے، ملک کی سلامتی پر کوئی انچ نہیں آنے دی جائے گی . موجودہ حکومت نے مشکلات کے باوجود کام شروع کیا، اس کے باوجود 6 ماہ میں توقعات کے مطابق نتائج دیکھنے کو ملے .
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی کم ہورہی ہے، مہنگائی پہلی بار سنگل ڈیجٹ میں آ گئی ہے، عوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ جاری ہے، بجلی کے بلوں میں عوام کو ایک بڑا ریلیف دیا گیا ہے .
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت نے مشکلات کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی لائی ہے، پنجاب میں روٹی سستی کی گئی ہے، معاشی اعشاریے منفی سے مثبت ہوئے ہیں، آئندہ عوام حکومتی اقدامات میں مزید بہتری دیکھیں گے . ن لیگ ہمیشہ کی طرح معاشی ترقی اور استحکام لائی اور مزید لانے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے .
انہوں نے کہا کہ یہ بات اٹل ہے کہ جس ملک کی معیشت بہتر ہو اس کا دفاع بھی مضبوط ہوتا ہے، پاکستان تبھی مضبوط ہو گا جب معاشی طور پر مستحکم ہو گا، یہی وجہ ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری ن لیگ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے .
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ ہم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ 2025 کے اختتام تک ہم مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ پر لائیں گے اور آج ہم 2025 سے قبل ہی مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ میں لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں . آج 23 فیصد والی مہنگائی 9 فیصد پر ہے . مہنگائی میں کمی ن لیگ کے منشور کا ہم جزو بھی تھا اور قوم سے وعدہ بھی کیا گیا تھا .
بلال اظہر کیانی نے معیشت کی تباہی کا الزام پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کا معاہدہ سبوتاث کیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے جاتے جاتے ملک کو ڈیفالٹ کی نہج پر پہنچا دیا تھا .
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ ملک میں سری لنکا جیسے حالات پیدا ہوں، اس حوالے سے حقیقت تیمور جھگڑا، شوکت عزیز کی آڈیو میں عیاں ہو گئی تھی . اب پوری کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو .

. .

متعلقہ خبریں