چینی سفیر کا پاکستانی نیوکلیئر پاور پلانٹس کا دورہ، خاص بات کیا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے نیوکلیئر پاور پلانٹس کا دورہ کیا ہے، اس دورے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ملکی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی غیر ملکی سفیر نے پاکستان کے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا دورہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ہفتے کے روز وفد کے ہمراہ کراچی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ ‘کے ٹو’ اور ‘کے تھری’ کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجا علی رضا انور نے ان کا استقبال کیا، چینی سفیر کو پاکستان کے نیوکلیئر پاور پروگرام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
چینی سفیر اور ان کے ہمراہ وفد کو ‘کے ٹو’ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔
ڈاکٹر راجا علی رضا انور کا کہنا ہے کہ چینی وفد کا دورہ پاک چین جوہری تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ‘کے2’ اور ‘کے3’ ایٹمی بجلی گھر چین کے تعاون سے قائم کیےگئے ہیں، دونوں پاور پلانٹ قومی گرڈ کو 2200 میگاواٹ بجلی فراہم کررہے ہیں۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ان پاور پلانٹس کے دورے کے موقع پر کہا کہ پاکستان کے نیوکلیئر پاور پلانٹس کا دورہ کرنے پر انہیں خوشی ہوئی، دورہ چینی حکومت کی دی جانے والی اہمیت کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کی بھی خوشی ہے کہ پاکستان میں چین کے تعمیر کردہ نیوکلیئر پاور پلانٹس عوام کی فلاح میں کردار ادا کررہے ہیں۔