بالی ووڈ فلمیں فلاپ اور ساؤتھ انڈین فلمیں سُپر ہٹ کیوں؟ سلیم خان نے وجہ بتا دی


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کے والد اور معروف رائٹر سلیم خان نے ساؤتھ انڈین فلموں کی کامیابی کا راز بتا دیا۔
سلیم خان اور جاوید اختر کی جوڑی نے بحیثیت رائٹر بالی ووڈ کو کئی سُپر ہٹ فلمیں دی ہیں، ان سینیئر رائٹرز کی کامیاب فلموں کی وجہ سے ان کا معاوضہ فلم کے مرکزی کرداروں سے بھی زیادہ ہوتا تھا جبکہ سلیم خان اور جاوید اختر کی وجہ سے ہی امیتابھ بچن سُپر اسٹار بنے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلیم خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ فلمیں فلاپ ہونے کے بارے میں بات کی، اُنہوں نے کہا کہ بالی ووڈ کے مداح فلموں میں ایکشن، رومانس اور خوبصورت ہیروئن کو دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
سلیم خان نے کہا کہ ماضی میں بالی ووڈ فلمیں ایکشن اور رومانس سے بھرپور ہوتی تھیں جبکہ ہماری فلموں کی موسیقی بھی بہت اچھی ہوتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اب شائقین بالی ووڈ کو چھوڑ کر ساؤتھ انڈین فلموں کی طرف جارہے ہیں کیونکہ ساؤتھ والے اپنی فلموں میں وہ سب دِکھا رہے ہیں جو پہلے ہم اپنی فلموں میں دکھایا کرتے تھے۔
سلیم خان نے کہا کہ ساؤتھ انڈین فلموں میں بہت اچھا ایکشن ہوتا ہے، اُن کی موسیقی بھی بہت اچھی ہوتی ہے جبکہ اُن کی انڈسٹری میں نئی اور خوبصورت اداکارائیں سامنے آرہی ہیں جو بہت اچھا پرفارم کررہی ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کا کام بالی ووڈ سے بہت زیادہ بہتر ہے اور شائقین اچھے کام کی طرف ہی جائیں گے۔