کارکنان کے گھروں میں چھاپے پڑ رہے ہیں، قافلوں کو ہر جگہ روکا گیا، مشیر کے پی


پشاور(قدرت روزنامہ) خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ہمارے کارکنان کے گھروں میں رات سے چھاپے پڑ رہے ہیں اور کل رات سے ہمارے قافلوں کو ہر جگہ روکا گیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب سے آنے والوں کو راستے میں روکا جائے گا، مری سے اسلام آباد آنے والے راستوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں کنٹینرز کا جلسہ ہو رہا ہے، کنٹینرز کا کروڑوں کا کرایہ میری اور آپ کی جیب سے دیا جا رہا ہے، صرف اس لیے کیا جا رہا ہے کہ ایک ہی جماعت قابض رہے۔
انہوں نے کہا کہ آج میں پی ٹی آئی کارکنان کو پیشگی کامیابی کی مبارکباد دیتا ہوں، جو پیغام دینا چاہتے تھے وہ حکومت تک پہنچ گیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ جو اقدام آج کیے گیے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کے ٹولے سےعوام جان چھڑانا چاہتی ہے، رات سے اسلام آباد میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا اور ہر گلی بند کر دی گئی۔
مشیر کے پی نے کہا کہ جھوٹ بول کر لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے، جلسہ گاہ سے بارودی مواد نکالا گیا، چاہے ایک بھی بندہ ہمارا جلسہ گاہ میں نا پہنچ سکے لیکن ہم کامیاب ہوگئے ہیں۔