علی امین گنڈاپور کی صحافیوں کو دھمکیاں، خاتون صحافیوں کیلئے بھی نازیبہ زبان کا استعمال


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سنگ جانی کے جلسے میں اختلاف رکھنے والے صحافیوں کو کھلی دھمکیاں دیں اور خاتون صحافیوں کے لیے بھی غلیظ زبان استعمال کی۔
اپنے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے اختلاف رائے رکھنے والے صحافیوں کو دھمکاتے ہوئے کہا کہ تم لوگ جو ہمارے خلاف کیمپین کر رہے ہو تم سمجھتے ہو کہ ہمیں بلیک میل کرلو گے۔
علی امین گنڈاپور نے خاتون صحافیوں کیلئے بھی نازیبہ زبان استعمال کی اور صحافیوں کو دھمکاتے ہوئے کہا میں حریف صحافیوں کو ننگا کروں گا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے سنگجانی کی مویشی منڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، علی محمد خان، حماد اظہر، اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
جلسے سے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے عمران خان کی رہائی کیلئے حکومت کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ ایک سے 2 ہفتے میں قانونی طور پر عمران خان رہا نہ ہوا تو ہم پھر انہیں خود رہا کریں گے۔
ادھر اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کے دوران جب قومی ترانہ پڑھا گیا تو اسٹیج پر موجود متعدد لوگ احتراماً کھڑے ہونےکے بجائے اپنی نشستوں پر ہی بیٹھے رہے۔
قومی ترانہ پڑھنے کے دوران اسٹیج پرموجود پی ٹی آئی کی قیادت میں اکثریت بیٹھی رہی جن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی شامل تھے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما اور اسٹیج سیکرٹری فیصل جاوید خان نے قومی ترانہ درمیان میں رکوا کر دوبارہ چلوایا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی جلسے کے شرکاء کی جانب سے اسلام آباد پولیس پر بلا اشتعال پتھراؤ بھی کیا گیا، پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ روٹ کی خلاف ورزی کرکے آنے والے شرکاء نے پولیس اہلکاروں پر شدید پتھراؤ کیا، پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔