عارف علوی کی سنگجانی جلسے سے متعلق پرانی ویڈیو پوسٹ کرنے پرعوام سے معذرت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اورسابق صدرعارف علوی نے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی تنقید کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرسنگجانی جلسے سے متعلق پرانی ویڈیوشیئرکرنے عوام سے معذرت کرلی۔
ایکس ہینڈل پر جاری اپنے ایک بیان میں سابق صدرعارف علوی نے کہا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر سنگجانی جلسے کے حوالے سے جو ویڈیو شیئرکیں، وہ کسی پرانے موقع کی تھیں جو ایک غلطی تھی، ویڈیوزاکاؤنٹ سے تلف کردی گئی ہیں، اپنی اس غلطی پرمعذرت چاہتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ سوشل میڈیا بہت بڑا ہے،جس سے پوسٹ کو ڈیلیٹ کرنا ہی کافی نہیں ہے اس میں صرف غلطی کی اصلاح ہی آپ کو بچا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ سابق صدر عارف علویؔ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر 14 اگست کی ایک ریلی کی ویڈیوپوسٹ کرتے ہوئے اسے اتوار کے سنگجانی جلسے میں شرکت کے لیے جانے والا پاکستان تحریک انصاف کا قافلہ قرار دیا تھا۔
ویڈیو پوسٹ کرتے ہی سوشل میڈیا کے بہت سے صارفین نے سابق صدر کو نہ صرف تنقید کا نشانہ بنایا جس پر سابق صدر کو ویڈیو پوسٹ کو فوری اپنے اکاؤنٹ سے تلف کرنا پڑا۔
سابق صدر اور پی ٹی آئی رہنما عارف علوی کو اس عمل پر وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی آڑے ہاتھوں لیا اور پی ٹی آئی اور اس کی قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فیک جماعت، فیک ویڈیو اور فیک تصاویر جاری کرکے اپنی پاور شو کر رہی ہے۔