پی ٹی آئی میں تنظیم کی کمی ہے، محمود خان اچکزئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سنگجانی اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تحریک انصاف کو لاکھوں لوگوں کی حمایت حاصل ہے، میں آج عمران خان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج تک دنیا میں جتنے بھی انقلاب آئے ہیں، چاہے وہ مذہبی ہوں یا سیاسی، کسی بھی انقلاب کو پی ٹی آئی سے بڑی حمایت حاصل نہیں تھی۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کا ساتھ ہونے کے باوجود پی ٹی آئی کا انقلاب کیوں نہیں آرہا، انقلاب کے لیے بنیادی چیز تنظیم ہوتی ہے، پی ٹی آئی کارکنان کی عمران خان سے محبت اور عشق اپنی جگہ لیکن تنظیم کی کمی ہے۔
لوگوں کی جیبیں کٹ جاتی ہیں
انہوں نے کہا کہ آپ اندازہ لگائیں کہ آپ جب اسٹیج پر چڑھتے ہیں تو لوگوں کے کپڑے پھٹ جاتے ہیں، لوگوں کی جیبیں کٹ جاتی ہیں، لوگ اسٹیج سے نیچے گرتے ہیں، ایسا مجمع انقلاب نہیں لاسکتا، انقلاب کے لیے بنیادی شرط تنظیم ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اس بارے میں خوش قسمت ہیں کہ آج تک کسی بھی لیڈر کو عوام کی اتنی بڑی حمایت حاصل نہیں ہوئی ہے، اس حمایت سے پاکستان انقلاب یا بربادی کے دورائے پر کھڑا ہے، انقلاب ووٹ کے ذریعے آچکا ہے، افسوس کی بات ہے کہ مقتدر لوگ کہہ رہے ہیں کہ 45 اور 47 کا کوئی فرق نہیں، میں کہتا ہوں 45 والے حق کے لوگ ہیں، اور 47 والے چور، ڈاکو اور بے ایمان ہیں۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی حکومت کو یہ نوٹس د یدے، اور تحریک تحفظ آئین پاکستان ہر ضلع میں تحریک چلائے تو نہ ہمارا راستہ فوج روک سکتی ہے، نہ پولیس روک سکتی ہے، عوام کا راج ہوگا، عوام کی بات ہوگی اور عوام کا انقلاب ہوگا۔
عمران خان حقیقی آزادی کی بات کرتے ہیں
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان حقیقی آزادی کی بات کرتے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ خیبرپختونخوا، پنجاب کے لوگوں کو حق حکمرانی دیا جائے۔ آپ نے بلوچستان میں پشتون اور بلوچ کو حق حکمرانی دینا ہوگا۔ لوگوں کو مارنے پیٹنے سے ملک نہیں بنتے، ملک عوام کی محبت سے بنتے ہیں، ملک امن اور بھائی چارے سے بنتے ہیں۔