این آر او کا وقت ختم ہو گیا، عمران خان لیڈر تھے، ہیں اور رہیں گے، بیرسٹر گوہر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرخان نے سنگجانی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ’این آراو‘ کا وقت ختم ہو گیا ہے، عمران خان لیڈر تھے، ہیں اور رہیں گے۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ آج عمران خان کا جذبہ بول رہا ہے، وہ لوگ جنہوں نے لوگوں سے زیادہ کنٹینرز رکھ دیے تھے، کہہ رہے تھے کہ ہم نے اسلام آباد کو پنجرہ نہیں بنانا، انہوں نے اسلام آباد کو پنجرہ بنا دیا پھر بھی یہاں عمران خان کا جنون بول رہا ہے۔
این آراو دینے کا وقت ختم ہوگیا
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جعلی اور فارم 47 کی حکومت رات کے اندھیرے میں قانون سازی کرتی ہے، حکومت اپنے آپ کو’این آراو‘ دینے کے لیے قانون سازی کرتی ہے لیکن ’این آراو‘ دینے کا وقت اب ختمہوگیا ہے، عمران خان ایک حقیقت ہیں اب انہیں یہ بات قبول کرنی پڑے گی۔
عمران خان لیڈر تھے، ہیں اور رہیں گے
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست سے کبھی بھی مائنس نہیں کیا جاسکتا، یہ 90 کی دہائی کی سیاست نہیں ہے کہ کسی کو سیاست سے مائنس کریں،عمران خان لیڈر تھے، ہیں اور رہیں گے۔
بیرسٹر گوہرخان نے اپنے خطاب میں پی ٹی آئی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے کارندوں نے 8 فروری کو آپ کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا، دنیا کی تاریخ ہمیں یہی سکھاتی ہے کہ جس ملک کا لیڈر کرپٹ ہو، وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتا، آج دیکھو بلوچستان ہاتھ سے نکل رہا ہے، عدلیہ کے لیے مرضی کی قانون سازی کی جارہی ہے، مرضی کے ججز لگائے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ میں ججز کی مدت ملازمت بڑھائی جارہی ہے، تحریک انصاف یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ اب یہ ممکن نہیں رہا، مرضی کے فیصلے کروانا اور مرضی کے ججز لگوانا تحریک انصاف کو قبول نہیں، ہم اس کی مخالفت بھی کریں گے اور اس پر احتجاج بھی کریں گے۔