پاکستان کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، امریکی دباؤ ایران پائپ لائن معاہدہ پورا نہیں کرنے دے رہا، خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکی دباؤ ایران پائپ لائن معاہدہ پورا نہیں کرنے دے رہا ہے، یہ پاکستان کی بقا کا معاملہ ہے، ہم 18 ارب ڈالر کہاں سے دیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیر دفاع نے تصدیق کی کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر کام عالمی دباؤ کی وجہ سے رکا ہوا ہے، عالمی دباؤ مجبور کررہا ہے جس وجہ سے معاہدہ پورا نہیں کر پا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور دیگر بہت سے ملک ایران کے ساتھ کاروبار کر رہے ہیں، ان پر کوئی پابندیاں نہیں لگیں لیکن ہمیں بلیک میل کیا جا رہا ہے، پاکستان کے لیے یہ انتہائی مشکل ہو گا کہ وہ ایران کو معاہدہ مکمل نہ ہونے کی صورت میں 18 ارب ڈالر ادا کرے، یہ پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے، آنے والے دنوں میں پاکستان انتہائی مشکل میں بھی جا سکتا ہے۔