پارلیمنٹ پر حملے جیسی کارروائی کا ساتھ نہیں دیں گے، پی پی رہنما نوید قمر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ پر جہاں سے حملہ ہو ہمیں کھڑا ہونا ہوگا اور ہم ایسی کسی کارروائی کا ساتھ نہیں دیں گے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نوید قمر نے کہا کہ کل کا واقعہ پارلیمنٹ پر بہت سنجیدہ حملہ ہے، پارلیمنٹ کے اندر گھس کر ارکان کو گرفتار کیا گیا تو باقی کیا بچا، کل آکر آپ کو بھی یہاں سے گرفتار کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کل کے واقعے کی تحقیقات کریں کیونکہ جو الزامات سامنے آرہے ہیں میرے پاس یقین کرنے کا کوئی راستہ نہیں ہے، یہ پارلیمنٹ اور آئین پر سراسر حملہ ہے۔
نوید قمر نے کہا کہ آپ کو سنجیدہ انکوائری کرکے کارروائی کرنا پڑے گی اور اگر کارروائی نہیں ہوگی تو سلسلہ نہیں رکے گا۔