بلوچستان میں پیپلز پارٹی اپنے آئین اور منشور کے برخلاف عمل پیرا ہے، رہنما پی پی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کی صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اشفاق بلوچ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور ہمیشہ جمہوریت کے فروغ کیلئے جدوجہد کی ہے اور ساتھ ہی جمہوری سیاست پر یقین رکھتے ہوئے کبھی سیاست کی آڑمیں اپنے مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ نہیں بنایا مگر انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی اپنے آئین اور منشور کے برخلاف عمل پیرا ہے جسے درست لائن میں لانے کی ضرورت ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں اشفاق بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی طلبہ تنظیموں کے سربراہان سمیت دیگر عہدیداروں ،سیاسی رہنماوں ،ورکروں کے نام فی الفور فورتھ شیڈول سے نکال کر سیاسی ماحول کو خوشگوار بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ ایک سنگین مسئلہ ہے جسے سنجیدگی کے ساتھ ملکی عدالتوں کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے اگر کسی فرد نے ملکی سلامتی کے خلاف کام کیا ہو اسے ملک کی اعلیٰ عدالتوں میں پیش کرکے سزاد ی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں شہید رانی کے مشن پر عمل کرتے ہوئے ملک میں سیاسی ،معاسی استحکام کے تحت امن لانا ہوگا اور خصوصاً بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانا ہوگا