سپریم کورٹ کے ڈیم فنڈ میں کل رقم کتنی اور یہ کہاں سے آئی ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت کو ملک کی ابتر معاشی صورتحال کے باعث ہر وقت فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔ گزشتہ روز ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے عدالت سے سپریم کورٹ کے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں موجود رقم وفاقی حکومت اور واپڈا کو دینے کی استدعا کی ہے۔
وی نیوز نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ سپریم کورٹ کے ڈیم فنڈ میں کل رقم کتنی اور یہ رقم کہاں سے آئی ہے۔
جولائی 2018ء میں اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ملک بھر میں پانی کی قلت پر از خود نوٹس لیتے ہوئے مختلف ڈیمز کی تعمیر کے لیے ڈیم فنڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ اس ضمن میں انہوں نے چیف جسٹس اور پرائم منسٹر ڈیم فنڈ کے نام سے ایک بینک اکاؤنٹ بھی کھلوایا تھا، جس میں اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں نے عطیات جمع کرائے تھے۔
سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر موجود ڈیم فنڈ کی تفصیلات کے مطابق، اس وقت ڈیم فنڈ میں مجموعی طور پر 18 ارب 64 کروڑ 89 لاکھ روپے جمع ہیں۔ اس میں 9 ارب 56 کروڑ روپے سے زائد کی رقم پاکستان سے عطیات کی صورت میں جمع کرائی گئی جبکہ ایک ارب 90 کروڑ روپے بیرون ملک سے اس فنڈ میں جمع کروائے گئے۔ ڈیم فنڈ میں 7 ارب 17 کروڑ روپے اضافہ بھی ہوا ہے جو کہ اصل رقم پر حاصل کیا گیا منافع یعنی سود ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق، ڈیم فنڈ کے قیام سے اب تک اس اکاؤنٹ سے کوئی رقم نہیں نکلوائی گئی۔ سپریم کورٹ نے 4 جولائی 2018ء کو اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ڈیم فنڈ میں سے رقم صرف سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں نکالی جاسکتی ہے۔