یہ میثاقِ جمہوریت نہیں، موتِ جمہوریت کرنے جارہے ہیں، شیخ رشید احمد


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری میثاقِ جمہوریت نہیں بلکہ موتِ جمہوریت کرنے جا رہے ہیں۔ اس ملک میں جمہوریت تو ہے ہی نہیں، جمہوریت کا جنازہ تو پارلیمنٹ کے باہر سڑک پر نکل چکا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس طرح تو منشیات فروشوں کو گھروں سے نہیں پکڑا جاتا جس طرح اسمبلی ممبران کو اسمبلی کے اندر سے پکڑا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسپیکر اگر استعفیٰ نہیں دیتا تو کوئی ایک ممبر ان کے خلاف عدم اعتماد لے آئے، صرف ایک ممبر بھی عدم اعتماد کرسکتا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ بجلی آج پھر مہنگی کردی گئی ہے، ہر دوسرے دن ریٹ میں اضافہ کردیا جاتا ہے، اس طرح تو یہ مردوں کو اور مارنے کے مترادف ہے۔
تعلیم کا حال یہ ہے کہ جہاں 3ہزار بچیاں پڑھتی تھیں، اب 300 بھی نہیں پڑھ رہی ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ غریب دیہاڑی دار مزدوروں کو تو کیسز سے نکال دینا چاہیے، 8تاریخ کو جس نے کنٹینر لگائے، ظلم و عظیم کیا یہ نالائق اور نااہل ہیں۔ اصل حکومت سے میری التجا ہے کہ معاملات کو ٹھیک کردیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ علی امین گنڈٓا پور میرے دوست ہیں، چلا کاٹنے سے بہتر تھا کہ 4 مہینے جیل کاٹ لیتا، یہ اقتدار کے بھوکے ہیں، اور عوام میں ذلیل ہوچکے ہیں۔ اب تو خوف کے مارے کوئی بتاتا ہی نہیں کہ وہ اسمبلی کا ممبر ہے، کیونکہ لوگ سوال کرتے ہیں کہ آپ فارم 45 کے ممبر ہیں یا 47 کے ممبر ہیں۔