’ہر چیز تکلیف دہ لیکن مسکراہٹ ختم نہیں ہونی چاہیے‘ کینسر میں مبتلا اداکارہ حنا خان کا جذباتی پیغام
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی اداکارہ حنا خان سرطان میں مبتلا ہیں۔ ان کی کیموتھراپی بھی جاری ہے جو بلاشبہ انتہائی تکلیف دہ عمل ہے لیکن انہوں نے اپنی بیماری اور علاج کے سائیڈ ایفیکٹس کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیا۔
سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر کشمیری اداکارہ حنا خان نے ایک نئی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں انہیں جم میں ورزش کرتے دیکھا جا سکتا ہے، انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ لکھا ہے کہ روزانہ ہزاروں وجوہات آپ کو نیچے گرانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن انہوں نے اپنے مستقبل کو بہترین بنانے کے لیے خود سے وعدہ کیا ہے اور اس کے لیے وہ پُرعزم ہیں۔ حنا خان نے اپنے مداحوں سے سوال کیا کہ کیا وہ بھی اپنی زندگی کے لیے ایسے ہی پُرعزم ہیں؟
حنا خان نے کیموتھراپی کے بعد اپنی چند تصاویر بھی شیئر کیں جس میں انہیں مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تصاویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ہر چیز تکلیف دہ ہے لیکن آپ کے چہرے سے مسکراہٹ ختم نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کینسر کی تکالیف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تکلیف کے باعث وہ ٹھیک سے کھا بھی نہیں سکتیں لیکن پھر بھی زندگی میں منفی ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
حنا خان نے مزید لکھا کہ انہوں نے مسکرانے اور خود کو حوصلہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، انہیں یقین ہے کہ وہ پریشانی کے اس دور سے گزر جائیں گی۔
واضح رہے کہ حنا خان کو چھاتی کے کینسر کے علاج کے دوران میوکوسائٹس نامی مرض کی بھی تشخیص ہوئی ہے۔ میوکوسائٹس کوعام طور پر منہ کے زخم کہا جاتا ہے، یہ کینسر کے مریضوں میں خاص طور پر کیموتھراپی جیسے مخصوص علاج سے گزرنے والی ایک اہم اور متواتر پیچیدگی ہے، اس بیماری میں مریض کے کھانے، پینے، بولنے اور نگلنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔
حنا خان نے مداحوں سے درخواست کی تھی کہ اگرچہ وہ اس کے علاج کے لیے ڈاکٹروں کے مشورے پر عمل کر رہی ہیں لیکن اگر کوئی اس مرض سے گزرا ہے یا کوئی اس کا مفید علاج جانتا ہے تو براہِ کرم انہیں تجویز کریں۔