علی امین گنڈاپور کے بیان کے خلاف صحافیوں کا احتجاج، پی ٹی آئی رہنما پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان کے خلاف احتجاج کیا ہے، اور مائیک اٹھا لیے۔
صحافیوں نے موقف اختیار کیاکہ پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے بھی آج صبح صحافیوں کے حوالے سے غلط زبان استعمال کی جو قابل مذمت ہے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا اور دیگر نے کہاکہ ہم صحافیوں کا احترام کرتے ہیں، علی امین گنڈاپور نے صحافیوں کے حوالے سے جو کچھ کہا اس کا تعلق ہماری سیاست سے نہیں۔ تاہم وہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنے بیان کی وضاحت کریں گے۔
سلمان اکرم راجا نے کہاکہ علی امین گنڈاپور نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کی گفتگو مخصوص صحافیوں سے متعلق تھی، جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان یہ کہہ چکے ہیں کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صحافیوں سے متعلق جو کہا نہیں کہنا چاہیے تھا۔
اس موقع پر شبلی فراز نے کہاکہ میں نے آج صبح جو باتیں کیں، اپنے موقف پر قائم ہوں۔ اس موقع پر صحافیوں نے پریس کانفرنس کے دوران اپنے مائیک اٹھا لیے۔
صحافیوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور نے جو زبان استعمال کی ہے جب تک وہ معذرت نہیں کرتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا، خواتین اور صحافیوں کے حوالے سے نازیبا الفاظ کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
بعد ازاں صحافیوں کی جانب سے احتجاج کرنے پر پی ٹی آئی رہنما پریس کانفرنس کیے بغیر ہی اٹھ کر چلے گئے۔