سب کو اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جانا ہوگا ورنہ انتشار بڑھے گا، حافظ نعیم الرحمان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سب کو اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جانا ہوگا ورنہ ملک میں انتشار بڑھے گا۔
پشاور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ اس وقت ملک بھر میں بدامنی ہے، امن و امان کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، اگر ساتھ نہیں بیٹھیں گے تو مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ملک پر مسلط حکمران طبقے نے پاکستان کو بحران سے دوچار کردیا، کیا مسٹر اور کیا مولانا، سب اپنے اپنے خاندانوں کو نوازتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ اپنے حقوق کے لیے مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ پاکستان کے عوام آئی پی پیز کو نہیں پال سکتے، کسی بھی سرکاری آفیسر کو مفت پیٹرول نہیں ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں ملک بھر کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا ہوگا، بلوچستان پر سب کی نظریں ہیں، ضروری ہے کہ وہاں کے عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ فوج بھی ہماری ہے اور پولیس بھی ہماری ہے، 2010 میں صدر زرداری نے دستخط کیے اور فوج کو انٹرنل سیکیورٹی کے لیے بلایا۔