چارسدہ: آندھی سے مکان کی چھت گرگئی، ماں باپ اور 3 بچے جاں بحق


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چارسدہ کے علاقہ ترنگزئی میں آندھی اور طوفان کی وجہ سے مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جانبحق افراد میں گھر کا سربراہ ساجد اس کی بیوی اور 3 بچے شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 چارسدہ کے مطابق بچوں میں 8 ماہ کی دعا نور، 7 سالہ حنیفہ اور 8 سالہ موسیٰ شامل ہیں۔ متاثرہ افراد کو ریسکیو ایمبولینس میں DHQ چارسدہ لے جایا گیا جہاں پر اسپتال ذرائع کے مطابق وہ زخموں کی تاب نہ لا کر جان کی بازی ہار گئے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے لواحقین سے دلی ہمدردی، افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ افسوسناک واقعے کا سن کر دلی صدمہ ہوا، متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری ریلیف فراہم کرنے اقدامات کی ہدایت اور لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔