عالمی دنیا

کون سا یورپی ملک تارکین وطن کو ملک چھوڑنے پر ہزاروں ڈالر دے رہا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں ایک ایسا ملک بھی ہے جو تارکین وطن کو ملک چھوڑنے کے لیے خطیر معاوضہ فراہم کرتا ہے۔ یہ ایک یورپی ملک ہے جس نے یہ پالیسی تیار کی ہے کہ جو بھی تارکین وطن ہیں وہ رضاکارانہ طور پر اپنے آبائی ملکوں کو لوٹیں گے تو ان کو ہزاروں ڈالرز دیے جائیں گے۔ یہ ملک سویڈن ہے جس نے اپنی پالیسی کو تبدیل کرتے ہوئے ملک چھوڑنے والوں کا معاوضہ بڑھا کر 34ہزار ڈالرز کردیا ہے۔
یورپی ملک سویڈن نے رضاکارانہ طور پر اپنے آبائی ملک واپس جانے والے افراد کو 34 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان کیا ہے، رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے تارکین وطن کو یہ گرانٹ 1984 سے دی جارہی ہے، لیکن اس کے بارے میں کم لوگ ہی جانتے ہیں کیونکہ ملنے والا معاوضہ کم ہونے کے باعث لوگ اس گرانٹ سے مستفید نہیں ہوتے تھے۔
تاہم اب سویڈن کی حکومت نے ان تارکین وطن کے لیے مالی معاوضہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے، سویڈن کے وزیر برائے مائیگریشن نے بتایا کہ 2026 سے رضاکارانہ طور پر اپنے آبائی ممالک کو واپس جانے والے تارکین وطن کو 34 ہزار ڈالرز ( تقریباً ایک کروڑ پاکستانی روپے) دیے جائیں گے۔
خیال رہے سویڈن کو کچھ عرصے سے تارکین وطن کو سنبھالنے میں مشکلات کا سامنا ہے، اس سے قبل وہ دیگر ممالک کے شہریوں کو پناہ دینے کی وجہ سے’ہیو مینیٹیرین سپر پاور‘ کے طور پر بھی جانا جاتا تھا۔ اس اقدام کا مقصد مزید تارکین وطن کو اپنے آبائی ممالک میں واپس جانے کی ترغیب دینا ہے۔
واضح رہے یورپ کے دیگر ممالک بھی اس قسم کی گرانٹ فراہم کرتے ہیں، جن میں ڈنمارک فی شخص 15 ہزار ڈالر سے زیادہ ادا کرتا ہے، جبکہ ناروے میں 14 ہزار، فرانس میں 2 ہزار 800 ڈالرز اور جرمنی میں 2 ہزار ڈالر ز معاوضہ دیا جاتا ہے۔