ہم اپنے آرمی چیف اور چیف جسٹس کے پیچھے کھڑے ہیں، راجا پرویز اشرف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے چیف جسٹس اور آرمی چیف کو متنازعہ نہیں بنا سکتے، ہم اپنے آرمی چیف اور چیف جسٹس کے پیچھے کھڑے ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی و سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ انہیں مجھے امید تھی کہ پچھلے 4 دن سے ہم بہتری کی طرف جا رہے ہیں، وہ لیڈرآف اپوزیشن کی عزت کرتا ہوں، ہم شاید کسی بہتری کی طرف جا رہے ہیں، کمیٹی کی بات ہوئی، ماحول کو بہتر کرنے کی بات ہوئی۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پارلیمنٹ کی عزت اور توقیر ہونی چاہیے، آج بلاول بھٹو کی تقریر پر جو ردعمل آیا اس کی توقع نہیں تھی، پہلے سمجھیں تو سہی کہ بات کیا ہے پھر اس کا جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے اندر سے گرفتاریوں کی سب نے مذمت کی، بلاول بھٹو نے کچھ سوالات کیے ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا ٹویٹ کی انکوائری کرائی جائے، کوئی بھی محب وطن اس طرح کے ٹویٹ نہیں کرسکتا، جب ماحول نارمل ہورہا تو پھر کیوں ایسا ٹویٹ کیا گیا، ہو بھی سکتا یہ سازش ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت اور آزادی کے لیے جان کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا، عمرایوب کے دادا نے عوام کو اقتدار سے محروم کیا، بلاول کے نانا جان نے پھانسی کا پھندا قبول کیا، مشرف نے ایوان سے جو اختیارات چھینے وہ صدر مملکت زرداری نے واپس دلوائے۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ آپ جس ڈگر پر چل پڑے ہو وہ خطرناک ہے، آپ کا راستہ تباہی اور بربادی کاراستہ ہے، نتائج بدترین ہوں گے، خوشی تھی کہ ہاؤس کا ماحول نارمل ہونے جارہا تھا، سب سے پہلے پاکستان ہے پھر شخصیت۔
سابق اسپیکر نے کہا کہ آپ نے 9مئی کو تنصیبات پر حملے کرکے ہندوستان کو خوش کیا، آپ چیف جسٹس اور آرمی چیف کو متنازعہ نہیں بنا سکتے، ہم اپنے آرمی چیف اور چیف جسٹس کے پیچھے کھڑے ہیں، 25 کروڑ عوام کو یکجا ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر کس نے بات کی، اگر آپ اس ہاؤس کا ماحول خراب کریں گے تو پاکستان کا ماحول خراب کریں گے، اپنے نے ہمارے شہیدوں کی بے حرمتی کی۔