یونس خان نے بابراعظم کو کیا اہم مشورہ دیا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے بابر اعظم کو اہم مشورہ دے دیا، لیجینڈ کرکٹر نے پی سی بی کو بھی بطور ادارہ اہمیت کا احساس دلایا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و ٹی 20 ورلڈ کپ کے فاتح یونس خان نے کہا کہ کھلاڑی سوشل میڈیا چلائیں لیکن بیٹ اور بال سے جواب دیں، پلیئرز اپنی فٹنس بہتر بنائیں، جو موقع مل رہا ہے اس کو پرفارم کر کے اچھا بنائیں۔
یونس خان نے کہا کہ ویرات کوہلی نے کپتانی چھوڑی تو پرفارم کیا، پرفارمنس ضروری ہے کپتانی ایک چھوٹی چیز ہے، بابر اعظم مجھ سے زیادہ 15ہزار رنز بناسکتے ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ بابراعظم سے توقعات زیادہ ہیں، وہ اپنی پرفارمنس بہتر کریں، پرفارمنس بولتی ہے، کھلاڑی بولتے زیادہ ہیں اور کھیلتے کم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھ جیسے کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے دور نہیں ہونا چاہیے، چیمپئنز ون ڈے کپ کے مینٹور اچھے ہیں، ان میںٹورز کو لمبےعرصے کےلیے ہونا چاہیے۔
یونس خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی اس کی اہمیت کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ آج تک کرکٹ بورڈ کو معلوم ہی نہیں کہ وہ کیا ہے، پی سی بی کو سمجھنا چاہیے کہ وہ ایک مضبوط ادارہ ہے، پی سی بی میں اچانک فیصلے ہوتے ہیں، اچانک کوچ اور کپتان تبدیل ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک عام آدمی کو معلوم ہے کہ ٹیم کا کپتان اور کوچ کیسے ہونے چاہئیں، نہیں معلوم ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو نہیں معلوم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے میرے کوچز نے کہا تھا کہ یونس خان ہمارے مستقل کے پلان میں شامل نہیں، ٓسٹریلیا نے ڈومیسٹک کرکٹ کے لئے مجھے مدعو کیا ہے۔