سڑکوں پر نکل آئے تو بنگلہ دیش کو بھول جاؤ گے، بیرسٹر گوہر کی حکومت کو دھمکی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہرخان نے کہا ہے کہ جس دن بانی پی ٹی آئی نے سڑکوں پر نکلنے کا کہا تو لوگ بنگلہ دیش کو بھول جائیں گے، پاکستان کو ’روانڈا‘ نہیں بنانا چاہتے۔
ہفتہ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بھوک ہڑتال سے ڈرو، آگے بڑھنا ہے تو ہمیں ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑا تو پیچھے ہٹ جائیں گے، ہماری جیت کی جنگ میں پارلیمان ہار جائے گی۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم ایک قدم آگے جاتے ہیں تو کوئی نا کوئی پیچھے آ جاتا ہے تو پھر ہم 4 قدم پیچھے چلے جاتے ہیں، اچھی طرح دیکھ لیں، کیا پوری دُنیا اس بات کی گواہی نہیں دے رہی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو اس وقت 70 فیصد پاکستانی عوام کی حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں وثوق سے کہتا ہوں کہ پاکستان کے یہ 70 فیصد عوام قیدی نمبر 804 کے اشارے پر اٹھتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ یاد رکھو اور اس دن سے ڈرو جب بانی پی ٹی آئی بھوک ہڑتال (ہنگر سٹرائیک) پر چلا گیا اور اس نے اشارہ کیا کہ سٹرکوں پر آ جاؤ تو پھر آپ بنگلہ دیش کو بھول جاؤ گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم بار بار کہتے ہیں کہ ہم اپنے ذاتی مفادات کو بھول جائیں گے، یہ اقتدار آنی جانی چیز ہے، یہ قوم کی امانت ہے، ہماری جیت کی جنگ میں یہ پارلیمان ہار جائے گا اور پھر ادھر کے ادھر ہی کھڑے رہ جائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایک نئی شروعات کی ضرورت ہو گی اگر ملک کو بچانا ہے تو، اگر ہم نے یہ طاقت کسی تیسری قوت کو نہیں دینی تو پھر ایک قدم پیچھے بھی ہٹنا پڑے تو ہمیں پیچھے ہٹنا ہو گا۔
انہوں نے خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ صاحب! بس بہت ہو گیا، یہ تفریق، اختلافات اور دوریاں ختم کریں، ہم دل کھول کرآپ کے ساتھ بیٹھے ہیں، ہمیں ’سپائلر اور ہیٹ فگر‘ نہیں بننا چاہیے، ہمیں تنہا کر کے آپ کو یہ مسائل حل کرنے چاہیں، اختلافات بھول کرآگے بڑھنا چاہیے۔