آئینی ترمیمی بل کے تمام نکات سے مطمئن ہیں، صادق سنجرانی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ حکومت نے آئینی ترمیمی بل کے تمام نکات پر ہمیں بریفنگ دی ہے جس سے وہ مطمئن ہیں۔
سابق چیئرمین سینٹ صادق سجنرانی نے اتوارکو بلوچسان نیشنل عوامی پارٹی (بی این پی ) کے وفد کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے تفصیلی ملاقات کی، ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے، ملاقات میں حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترمیم سے متعلق بل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بی این پی کے پارلیمانی ممبران کو مجوزہ آئینی ترمیمی بل پراعتماد میں لیا۔
ملاقات کے بعد صادق سنجرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے، ترمیمی بل آج یا کل کب پیش کیا جائے گا اس کا فیصلہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں صادق سنجرانی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہہ دیا ہے کہ ان کے پاس قوم کے لیے خوشخبری ہے، انہوں نے کہا کہ یقیناً حکومت اور قوم کے لیے اچھی خبر آنے والی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملاقات میں آئینی ترمیمی بل کے تمام نکات سے متعلق بی این پی اور ہمیں آگاہ کر دیا ہے جس پر ہم مطمئن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج قوم کوخوشخبری ملنے کا امکان ہے، خصوصی کمیٹی اجلاس کے بعد فیصلہ کرے گی کہ آئین میں ترمیم کا بل آج پیش کیا جائے یا اسے کل تک مؤخر کیا جائے۔