وزیرِ بلدیات بلوچستان سرفراز چاکر ڈومکی انتقال کر گئے


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیرِ بلدیات بلوچستان سرفراز چاکر ڈومکی انتقال کر گئے۔فیملی ذرائع کے مطابق سردار سرفراز چاکر ڈومکی 10 روز سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
سردار سرفراز ڈومکی پھیپھڑوں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔
سرفراز چاکر ڈومکی کے بھائی حیربیار ڈومکی نے کہا کہ سرفراز چاکر ڈومکی کی میت آج کراچی سے لہڑی منتقل کی جائے گی، ان کی تدفین لہڑی میں آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔
سرفراز چاکر ڈومکی بلوچستان کابینہ کے متحرک رکن تھے: سرفراز بگٹی
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیرِ بلدیات سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ سرفراز چاکر ڈومکی ایک زیرک اور معتبر سیاست دان اور قبائلی شخصیت تھے، انہوں نے بلوچستان کے سیاسی اور قبائلی نظام میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرفراز چاکر ڈومکی بلوچستان کابینہ کے متحرک رکن تھے۔
سرفراز چاکر ڈومکی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: مراد علی شاہ
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بلوچستان کے وزیرِ بلدیات سرفراز چاکر ڈومکی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے لیے سردار سرفراز چاکر ڈومکی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر سرفراز چاکر ڈومکی پی بی 8 سبی سے پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔