پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کے بڑے بھائی ٹیٹو جیکسن دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کے بڑے بھائی گلوکار ٹیٹو جیکسن 70 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے ہیں۔ ٹیٹو جیکسن کی موت کی تصدیق ان کے بھتیجے سگی جیکسن نے کردی۔
ٹیٹو کے بیٹوں، تاج، ٹیریل، اور ٹی جے نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے والد کی موت کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ حیران، غمگین اور دل شکستہ ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ہمارے والد ایک غیر معمولی شخص تھے جو ہر ایک کا خیال رکھتے تھے۔ کچھ لوگ انہیں دی جیکسن 5 کے ٹیٹو جیکسن کے طور پر جانتے ہیں، کچھ انہیں ‘کوچ ٹیٹو’ کے نام سے جانتے ہیں اور کچھ انہیں ‘پوپا ٹی’ کہتے ہیں۔
گلوکار ٹیٹو اپنے بھائیوں جیکی اور مارلن جیکسن کے ساتھ دی جیکسنز کے طور پر پرفارم کر رہے تھے، اس سال ان کے کئی شوز شیڈول تھے، جن میں ان کا آخری شو 8 ستمبر کو سرے، انگلینڈ میں ہوا۔ ٹیٹو نے اپنی موت سے چند دن قبل میونخ میں مائیکل جیکسن کی یادگار کا دورہ بھی کیا تھا۔