سندھ

ڈی ایس پی علی رضا کے قاتلوں کی اطلاع دینے والے کے لیے لاکھوں روپے انعام کی سفارش


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کراچی علی رضا کے قاتلوں سے متعلق معلومات دینے والے شخص کو 50 لاکھ روپے انعام دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
سندھ پولیس اور سی ٹی ڈی نے اعلیٰ آفیسر کے قاتلوں سے متعلق معلومات دینے والے کے لیے انعام کی سفارش کی ہے۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی عمران یعقوب نے آئی جی سندھ کو خط لکھا ہے، جس میں تجویز دی گئی ہے کہ ڈی ایس پی علی رضا کے قاتلوں کی اطلاع دینے والے کے لیے 50 لاکھ روپے انعام رکھا جائے۔
خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دونوں قاتل تقریباً 2 گھنٹےتک سڑکوں پر گھومتے رہے، اور ڈی ایس پی علی رضا کا انتظار کرتے رہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ قوی امکان ہے کہ قاتلوں کو کئی افراد نے دیکھا ہوگا، انعام رکھنے سے اصل مجرموں کی جلد گرفتاری میں مدد حاصل ہوگی۔
اس کے علاوہ محکمہ داخلہ سندھ نے وزیراعلیٰ سے 13 ڈاکوؤں کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر بھی انعام کی سفارش کی ہے۔
یاد رہے کہ 7 جولائی کو کراچی کے علاقے کریم آباد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی علی رضا شہید ہوگئے تھے۔
واقعے میں قریبی عمارت میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور گارڈ بھی زخمی ہوگیا تھا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس ابھی تک ڈی ایس پی سی ٹی ڈی علی رضا کے قاتلوں تک پہنچنے میں ناکام ہے، اور اب ملزمان کی اطلاع دینے والے کے لیے انعامی رقم کی سفارش کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں