لاہور کی کئی اہم سڑکیں خستہ حالی کا شکار، جگہ جگہ گڑھے حادثات کا سبب بننے لگے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت کے اعلانات کے باوجود لاہور کی کئی اہم سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہوگئیں، سڑکوں پر جگہ جگہ گڑھوں میں گندا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو بیماریوں اور حادثات میں اضافہ ہوگیا۔
مریم نواز نے وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ ایک ماہ کے اندر پنجاب کی کسی سڑک پر گڑھا نظر نہیں آئے گا تاہم یہ اعلان صرف اعلان ہی رہ گیا، حمزہ شہباز کے حلقے میں بھی کئی سڑکوں پر گڑھے پڑے ہیں جن میں گندا پانی بھی کھڑا ہے۔
ریلوے اسٹیشن کی طرف جانے والی ایمپریس روڈ پر ریڈیو پاکستان کی عمارت کے سامنے اور دوسری جگہوں پر کئی ماہ سے گڑھے پڑے ہیں جبکہ اس سے ملحقہ سڑک پر پولیس لائنز، قلعہ گوجر سنگھ کو جانے والے ایک دروازے کے سامنے بھی سڑک پر گڑھے پڑے ہیں اور وہاں بھی گندا پانی جمع ہے۔
پولیس لائنز کے سامنے سڑک کے گڑھوں میں جمع پانی اور اس سے پھیلنے والی بیماریوں سے متعلق پولیس اہلکاروں نے کیمرے کے سامنے بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کئی ساتھی بیمار ہو چکے ہیں، انہیں ملیریا بھی ہوا۔ خراب سڑکوں کے باعث آئے روز حادثات بھی ہوتے ہیں۔
لاہور کی ایک اور اہم سڑک جس کی ایک طرف ایچی سن کالج اور دوسری طرف میو گارڈن ہے وہاں بھی جا بجا گڑھے پڑے ہیں، رات کو شدید اندھیرا ہوتا ہے لیکن کوئی توجہ نہیں دے رہا۔
اس سے متعلق چیف کارپوریشن افسر علی عباس کا کہنا تھا سڑکوں پر پڑے گڑھوں کی جیو ٹیگنگ کا عمل اور سروے ہوچکا ہے، مرمت کا کام بھی جلد شروع ہو جائے گا۔