کراچی سپرہائی وے سے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل کے ڈرائیور کی لاش برآمد

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں سپرہائی وے پر آغا خیل گراونڈ کے قریب سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے ڈرائیور کی گولی لگی لاش ملی ہے . پولیس کے مطابق سپرہائی وے پر چاکر ہوٹل آغا خیل گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی شناخت شاہنواز کے نام سے ہوئی .

پولیس کے مطابق مقتول صبح چار بجے گھر سے نکلا تھا، لاش صبح 6 بج کر50 منٹ پر سڑک کنارے سے ملی، شبہ ہے مقتول کو ملزمان نے کسی اور مقام پر قتل کیا اور لاش سپرہائی وے آغا خیل گراؤنڈ کے قریب پھینکی، مقتول کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے . شاہنواز کے اہلخانہ کا کہنا ہے اس کی کسی کے ساتھ کوئی رنجش نہیں تھی، وہ روزانہ ڈیوٹی پر جاتا اور گھر واپس آتا تھا، آج بھی صبح 4 بجے کے وقت وہ ڈیوٹی کے لیے نکلا تھا لیکن پھر ہمیں صبح 7 بجے کے وقت شاہنواز کی لاش ملنے کے بارے میں اطلاع دی گئی . اس حوالے سے حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ شاہنواز میرے پاس 20 سال سے ڈرائیور تھا، شاہنواز میرے پاس گھر آنے کے لیے نکلا تھا، مقتول کی موٹر سائیکل غائب ہے لیکن دیگر قیمتی اشیاء موجود ہیں، پولیس کے اعلیٰ افسران سے کہا ہے معاملے کی میرٹ پر تفتیش کی جائے . حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا مقتول ڈرائیور نے کبھی کسی خطرے یا دھمکی کا ذکر نہیں کیا، تفتیش کے بعد پتہ چلے گا کہ قتل کی اصل وجہ کیا ہے . . .

متعلقہ خبریں