پنجاب حکومت کا ن لیگی کارکنوں پر درج سیاسی مقدمات ختم کرنے کا فیصلہ


لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب حکومت نے پاکستان مسلم لیگ ن کے ورکرز پر درج سیاسی مقدمات ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو لیگی کارکنوں پر درج سیاسی مقدمات کا ریکارڈ اکٹھا کرنے کا حکم دے دیا، لیگی رہنماؤں کے خلاف ایسے مقدمات جن میں ریاست مدعی ہے، ان مقدمات کو فوری طور ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی، تنظیمی عہدیداروں اور کارکنوں کے خلاف لاہور سمیت صوبہ بھر میں سیاسی مقدمات درج ہیں۔
نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری دینے کے لیے وطن واپسی پر ریلیاں نکالنے اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔ نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر بزدار سرکار نے لیگی رہنماؤں پر درجنوں مقدمات درج کروائے تھے۔
مریم نواز کی نیب پیشی پر سیکڑوں لیگی رہنماؤں اور کارکنوں پر مقدمات درج کیے گئے۔ واضح رہے کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے لیگی رہنماؤں پر درج سیاسی مقدمات کا ریکارڈ مرتب کرنا شروع کر دیا ہے۔