رانی مکھرجی اور ایشوریا رائے کی دوستی ٹوٹنے کی وجہ سامنے آگئی


ممبئی(قدرت روزنامہ) ماضی میں بالی ووڈ کو سُپر ہٹ فلمیں دینے والی مقبول اداکارائیں رانی مکھرجی اور ایشوریا رائے بچن کی گہری دوستی ٹوٹنے کی حیران کُن وجہ سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ماضی میں رانی مکھرجی اور ایشوریا رائے کے درمیان بہت اچھی دوستی قائم تھی لیکن پھر دبنگ اسٹار سلمان خان کے غصے کی وجہ سے ان دو اداکاراؤں کی دوستی کا گہرا رشتہ ٹوٹ گیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘چلتے چلتے’ میں شاہ رخ خان کے ساتھ ایشوریا رائے کو کاسٹ کرنا تھا لیکن پھر اُن کی جگہ رانی مکھرجی کو کاسٹ کرلیا گیا تھا۔
رانی مکھرجی کو کاسٹ کرنے کی وجہ یہ تھی کہ اُس وقت ایشوریا رائے کے سابق بوائے فرینڈ سلمان خان نے فلم ‘چلتے چلتے’ کے سیٹ پر ہنگامہ کردیا تھا جس کی وجہ سے فلم کے پروڈویوسر اور ہیرو شاہ رخ خان نے ایشوریا کی جگہ رانی مکھرجی کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
جب ایشوریا رائے کو اس بارے میں معلوم ہوا تھا تو اُنہیں لگتا تھا کہ رانی مکھرجی نے اُنہیں دھوکہ دیا ہے، جس کے بعد دونوں اداکاراؤں کی دوستی ٹوٹ گئی تھی۔
اس حوالے سے رانی مکھرجی نے فلمساز کرن جوہر کے شو ‘کافی وِد کرن’ میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ایشوریا کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے، شاید اُنہیں ہی مجھ سے کوئی مسئلہ ہے کیونکہ اُنہوں نے خود مجھ سے فون پر بات کرنا چھوڑ دی ہے۔
رانی مکھرجی کا کہنا تھا کہ میں ایشوریا سے کسی تقریب میں نہیں ملی لیکن مجھے لگتا ہے کہ اگر کبھی ہمارا آمنا سامنا ہوا تو ہمارے درمیان سب ٹھیک ہوجائے گا اور ہم ایک دوسرے سے بات کریں گے۔