بھابھی غلط فہمی دور کرلیں، وہ ایشوریا رائے جیسی بالکل نہیں دکھتیں، دانش نواز نے ایسا کیوں کہا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر کا کہنا ہے کہ انہیں پہلی بار دیکھ کر دیور، اداکار و ہدایتکار دانش نواز نے کہا کہ وہ ایشوریا رائے جیسی تو نہیں دکھتیں۔
حال ہی میں ندا یاسر نے اپنے یوٹیوب چینل پر نیا پوڈ کاسٹ شیئر کیا ہے جس میں اداکار علی عباس مہمان بنے تھے۔ پروگرام کے دوران ندا یاسر نے انکشاف کیا کہ ان کی شادی کے اگلے روز شوہر نے انہیں سب سے پہلے ان کے دیور دانش نواز سے ملوایا۔
ندا یاسر کے مطابق دانش نواز نے انہیں دیکھنے کے بعد اپنی بہن سے کہا کہ بھابھی کہیں سے بھی ایشوریا رائے جیسی نہیں دکھتیں۔ ان کی بات پر سب ہنس پڑے اور دانش نواز نے کہا کہ وہ آج بھی اپنی بات پر قائم ہیں۔ اگر ان کی بھابھی ایشوریا رائے جیسی دکھائی دیتی ہیں تو وہ ثابت کریں۔
ندا یاسر کا کہنا ہے کہ انہیں یہ خوش فہمی کبھی تھی ہی نہیں کہ وہ ایشوریا رائے جیسی نظر آتی ہیں۔ دانش نواز نے انہیں یہ خوش فہمی کبھی ہونے بھی نہیں دی کہ وہ ایشوریا رائے سے مشابہت رکھتی ہیں۔
اس پر دانش نواز نے انکشاف کیا، شادی سے قبل یاسر نواز انہیں بتاتے تھے کہ ندا یاسر ہوبہو بالی ووڈ اداکار ایشوریا رائے جیسی دکھائی دیتی ہیں۔ ان کی بات پر ندا یاسر نے کہا کہ ان کے شوہر نے شادی سے قبل گھر والوں کو بڑی بڑی بڑھکیں ماری ہوں گی اور ان سے متعلق دعوے کیے ہوں گے تبھی تو انہیں دانش نواز نے دیکھ کر کہا کہ وہ ایشوریا رائے جیسی نہیں دکھتیں۔
خیال رہے کہ یاسر نواز اور ندا یاسر نے جون 2002 میں شادی کی تھی۔ اس جوڑی کا شمار پاکستان کی معروف شادی شدہ جوڑیوں میں ہوتا ہے ، دونوں کے 2 بچے ہیں۔ شادی سے قبل دونوں متعدد ڈراموں میں ایک ساتھ کام کر چکے تھے۔